Mar ۳۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کا بائیکاٹ کیا جائے، انصاراللہ یمن کا مطالبہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے یورپ میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسلام کے مقابلے میں کی جانے والی جنگ کے سلسلے میں مسلمانوں کی جانب سے ٹھوس موقف اختیار کئے جانے اور قرآن مجید کی بے ادبی کرنے والے یورپی ملکوں کا بائیکاٹ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے ماہ مبارک رمضان کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی مقدسات کی توہین و بے ادبی اور اس طرح کے جرم کا ارتکاب کرنے والے عناصر صیہونی لابی کا حصہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام مسلم ملکوں کو چاہئے کہ ان تمام ملکوں کا بائیکاٹ کریں جہاں قرآن کو نذرآتش کئے جانے کی آزادی دی جاتی ہے اور یا مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے ادبی کئے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان ممالک کا بائیکاٹ کئے جانے سے ان پر اس قسم کے جرم کا ارتکاب روکنے کے لئے دباؤ پڑے گا۔ 

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ جن ممالک میں قرآن مجید کی بے ادبی کی گئی اگر مسلم ملکوں کی جانب سے بروقت متحد ہو کر متحدہ اور مشترکہ طور پر تادیبی کارروائی کی گئی ہوتی تو ان ممالک میں ایسی توہین کئے جانے پر پابندی لگا دی جاتی اور کوئی پھر ایسا جرم کرنے کی جرآت نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر مسلم ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، ترکی، مصر، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، اسلامی تعاون تنظیم اور مسلم علما کے عالمی فورم نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کئے جانے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس قسم کے واقعات کو روکے جانے اور اس طرح کے گھناؤنے اقدام کے ذمہ دار عناصر کو سزائیں دیئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ٹیگس