امریکی جریدے کا اعتراف، امریکہ اب سعودی عرب کو سرزنش نہیں کر سکتا
امریکی جریدے پولیٹیکو کا کہنا ہے کہ امریکہ کے پاس اب سعودی عرب کو سرزنش کرنے کی کوئی دلیل نہیں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ’جو بائیڈن کی انتظامیہ اپنے دعوؤں کے برعکس سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی اور اس کے پاس ریاض کو سرزنش کرنے کی کوئی دلیل نہیں ہے ۔
امریکی اخبار پولٹیکو نے ایک تجزیاتی رپورٹ میں یہ بات کہی ہے۔
عربی-21 نیوز سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، پولیٹیکو لکھتا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کے وعدے کو کئی ماہ گزر چکے ہیں اور امریکی صدر نے دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے تیل کی پیداوار کو کم کرنے کا فیصلہ کیا تو ریاض کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متعدد امریکی حکام کے مطابق حکومت نے سرکاری طور پر ریاض-واشنگٹن تعلقات کا جائزہ نہیں لیا ہے۔ ان حکام نے انکشاف کیا ہے کہ حساس امریکی اور سعودی سفارتی مشنز کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے، یہ مشاورت پالیسی سازی کا معمول کا عمل ہے۔