Apr ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • امن کی فضا قائم ہے اور امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے:  محمد البخیتی

یمن میں سعودی عرب کے سفیر نے قیدیوں کے تبادلے پر یمنی حکام سے ہونے والے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں سیاسی راہ حل کے حصول کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط سے گفتگو کے لئے دو روز قبل عمانی و سعودی وفود صنعا پہنچے ہیں۔ 
مہدی المشاط سے مذاکرات کا مقصد یمنی قوم کا محاصرہ ختم کرانا، جنگ بندی اور فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی منجملہ تیل و گیس کی آمدنی سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مسئلہ شامل ہے۔ 
یمن میں سعودی عرب کے سفیر محمد آل جابر نے پیر کی رات کہا ہے کہ وہ عمان کے ایک وفد کے ہمراہ صنعا پہنچے ہیں تاکہ فائر بندی کی مدت میں توسیع کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ قیدیوں کے تبادلے پر گفتگو کا سلسلہ جاری ہے۔ 
دوسری جانب یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ ابھی سعودی عرب اور یمن کے مذاکرات کی کامیابی پر مطمئن ہونا جلد بازی ہو گی البتہ امن کی فضا قائم ہے اور امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے۔ 
اس درمیان یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے نمائندے نے بھی صنعا میں ہونے والے یمنی سعودی مذاکرات کو مستقل طور پر امن کے قیام میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ یمن میں دیرپا امن کی ضرورت ہے جس کی راہ ہموار ہوتی جا رہی ہے۔ 
اقوام متحدہ کے یمنی امور کے نمائندے ہانس گرینڈبرگ نے کہا ہے کہ یمن اور سعودی عرب کے صنعا میں ہونے والے مذاکرات اہم پیشرفت ہیں اور اس سے دائمی صلح کا حصول جلد ممکن نظر آنے لگا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین اس موقع کو غنیمت جانیں اور اس سے فائدہ اٹھائیں، اقوام متحدہ کے زیر نظر یہ صلح اور امن کے وسیع پیمانے پر قیام اور جنگ کے خاتمے کا موقع ہے۔
یمن میں سیاسی و پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ محمد الجابر کی قیادت میں سعودی وفد نے صنعا میں یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط اور اعلی انقلابی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی سے ملاقات کی ہے۔ 
اس ملاقات کے بارے میں یمنی ذرائع کے حوالے سے المیادین ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ سعودی نقطہ نظر یمن میں فائر بندی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کئے جانے پر استوار ہے۔ 

ٹیگس