امریکہ کے لئے بری خبر، مصر سے روس کے ملنے والے تھے ہزاروں راکٹ
پینٹاگون کی لیک ہونے والی دستاویزات کے مطابق مصر، روس کو ہزاروں راکٹ دینے والا تھا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حال ہی میں افشا ہونے والی امریکی خفیہ دستاویزات کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے یوکرین جنگ کے دوران کریملن کو دسیوں ہزار راکٹ فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
حال ہی میں منظر عام پر آنے والی امریکی خفیہ دستاویزات میں سے ایک دستاویز میں مصر اور روس کے درمیان ہتھیاروں کے مذاکرات کا انکشاف ہوا ہے جس کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی دسیوں ہزار راکٹ روس کو فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے فروری اور مارچ میں جاری کی گئی خفیہ فائلوں کا ایک بیچ حاصل کیا جن میں سے ایک مصری حکام کے درمیان روس کو ہتھیاروں کی فروخت کے بارے میں ہونے والی بات چیت کی تفصیلات بتاتی ہے۔
اس دستاویز کے مطابق مصر صدر عبد الفتاح السیسی اپنے حکام کو حکم دیتے ہیں کہ وہ ہتھیاروں کی ترسیل اور بڑے پیمانے پر پیداوار کو خفیہ رکھیں تاکہ مغرب کے ساتھ مسائل سے بچا جا سکے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، 17 فروری کی اس انتہائی خفیہ دستاویز میں مصری حکام کی جانب سے روسی شراکت داروں کو مصری فیکٹریوں کے تیار کردہ بارود اور توپ خانے کی فراہمی کے بارے میں بات چیت شامل ہے۔
مصر امریکہ کے دیرینہ اتحادیوں میں سے ایک ہے جو اس سے سالانہ ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی فوجی امداد حاصل کرتا ہے اور ساتھ ہی صدر عبد الفتاح السیسی کے دور حکومت میں اس نے ماسکو کے ساتھ تعلقات کو نزدیک اور گہرا کیا ہے۔