شام میں جھڑپیں، متعدد امریکی فوجی زخمی
حلب میں امریکی فوج اور ترکی کے حمایت یافتہ مسلح گروہ کے درمیان جھڑپوں میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: شمالی شام کے صوبے حلب میں امریکی فوجیوں اور فری سیرین آرمی نامی مسلح گروپ کے درمیان جھڑپوں میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب امریکی فوج نے جرابلس کے علاقے میں ہیلی بورن کارروائی انجام دینے کی کوشش کی۔
فری سیرین آرمی نامی مسلح گروپ کو ترکیہ کی حمایت حاصل ہے اور اس گروپ کے زیادہ تر اڈے شام ترکی سرحد کے قریب واقع علاقوں میں قائم ہیں۔
دہشتگرد امریکی فوج اور فری سیرین آرمی کے درمیان اس جھڑپ کے بعد ترک فوج نے شمالی حلب میں امریکہ کے حمایت یافتہ مسلح گروپ سیرین ڈیموکریٹک فورس کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جبکہ مذکورہ گروپ نے شمالی حلب کے شہر اعزاز اور اس کے اطراف میں واقع ترک فوج کے ٹھکانوں کو راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن عام شہریوں کے بہت سے رہائشی مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اعزاز شہر کے جنوبی سیکٹر میں سیرین ڈیموکریٹ فورس کے راکٹ حملوں میں ایک ترک فوجی زخمی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ شام کی حکومت امریکہ سمیت تمام غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے متعدد بار ان کے فوری اور غیر مشروط انخلا کا مطالبہ کر چکی ہے۔