پاکستان افغان قیدیوں کو رہا کرے: طالبان
افغانستان میں طالبان کی حکومت نے پاکستان میں قید افغانستان کے قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: افغان خبر رساں ایجنسی آوا کی رپورٹ کے مطابق کابل میں پاکستان کے ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی نے کل افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی، افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی سفیر کا خیر مقدم کیا۔
افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے افغان قیدیوں کی رہائی مثبت اقدام ہے، امید ہے کہ دیگر افغان قیدی بھی عید سے قبل رہا کردیے جائیں گے۔
افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مولوی امیر خان متقی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ناظم الامور کی کابل واپسی سے دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت اثر پڑے گا۔
ترجمان کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے پاک افغان ویزہ میں شفافیت بڑھانے کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
اس موقع پر پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمٰن نظامانی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سفارتخانہ ویزہ مسائل پر افغان وزارت خارجہ سے ملکر کام کرے گا۔