صورتحال ہمہ گیر امن کی جانب گامزن ہے، یمنی وزیر دفاع
یمن کی قومی حکومت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ملک کی صورتحال پرسکون ہے اور ہمہ گیر امن کی جانب آگے بڑھ رہی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق وزیردفاع محمد ناصرالعاطفی نے امن کی جانب پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بحیرہ احمر، آبنائے باب المندب، خلیج عدن اور علاقائی سمندر صرف یمن کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں پر ہماری عملداری ہے اور ہم ہی اس علاقے میں جہاز رانی کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں ۔
یمن کے وزیر دفاع نے کہا کہ ملکی صورتحال پرسکون اور ہمہ گیر امن کی جانب گامزن ہے البتہ امن کا حصول سعودی حکمرانوں کی نیک نیتی پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے پر نیک نیتی کے ساتھ عمل کریں تو یہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے حق میں سود مند ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ یمن اور سعودی عرب کے درمیان امن مذاکرات کا اگلا دور عید فطر کی تعطیلات کے بعد متوقع ہے۔