لبنان نے قبرص ائیرلائن کے طیارے کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی، کیوں؟
لبنان کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے قبرص کی ایئرلائن کو، جس کے کچھ شیئرز صیہونی کمپنی کے ہیں، لبنان کی سرزمین میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
سحر نیوز/عالم اسلام: لبنان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ اس نے قبرص کی ایک کمپنی TUS AIR کو جس کے کچھ شیئرز ایک صہیونی کمپنی کے ہیں، لبنان کی سرزمین میں داخل ہونے اور ملک کی زمین پر اترنے سے منع کر دیا ہے۔
المیادین کے مطابق لبنانی فضائی کمپنی کے جنرل منیجر فادی الحسن نے ایک بیان میں بتایا کہ قبرص کی کمپنی TUS AIR کے 49.9 شیئرز صہیونی کمپنی KNAFAIM HOLDINGS LTD نے خریدے ہیں۔
قبل ازیں قبرص سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایک خط موصول ہوا تھا جس میں ان سے درخواست کی گئی تھی کہ لبنان اور قبرص کے درمیان 2017 میں طے پانے والے ہوائی نقل و حمل کے معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فضائی ٹرانسپورٹ خدمات استعمال کی جا سکتی ہیں۔
فادی حسن نے بتایا کہ جب تک مزید اطلاع نہیں دی جاتی اور جب تک مذکورہ کمپنی کے ساتھ تعامل کی ممانعت کے حوالے سے اسرائیل کے بائیکاٹ کے بین الاقوامی دفاتر کے رابطہ افسران کی اگلی کانفرنس میں ضروری سفارشات جاری نہیں کی جاتیں، اس قبرصی کمپنی کو لبنان میں پرواز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسرائیل کے بائیکاٹ کا دفتر، جسے عرب لیگ نے 1951 میں قائم کیا تھا، سال میں دو بار صیہونی کمپنیوں کی بلیک لسٹ تیار کرتا ہے اور صہیونی کمپنیوں کے ساتھ معاملات کرنے والی غیر اسرائیلی کمپنیوں کو صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے بارے میں خبردار کرتا ہے۔