May ۱۰, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ایران و سعودی عرب علمی و سائنسی تعاون کے لئے آمادہ

اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین اب علمی و سائنسی تعاون کا آغاز ہونے جا رہا ہے، یہ خبر ایران کی وزارت علوم کے مرکز برائے بین الاقوامی سائنسی تعاون کے سربراہ نے دی ہے۔

سحر نیوز/ایران: ایران و سعودی عرب نے رواں برس مارچ ے مہینے میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنے سفارتی تعلقات کی بحالی کے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں انکے تعلقات میں مثبت تبدیلیوں اور تعاون کے آغاز کی خبریں تواتر کے ساتھ آ رہی ہیں۔

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بارہا یہ اعلان کیا ہے کہ انکی حکومت نے اپنی خارجہ پالیسی میں توازن برقرار کرنے کے ساتھ ساتھ پڑوسی اور علاقائی ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

اسی تناظر میں ایران کی وزارت علوم کے مرکز برائے بین الاقوامی سائنسی تعاون کے سربراہ وحید حدادی اصل نے نیوز ایجنسی اسنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تہران اور ریاض میں دونوں ممالک کے سفیروں کی تعیناتی کے بعد یہ وزارت دونوں کے علمی و سائنسی تعاون کی بحالی کے لئے اپنی کوششوں کا آغاز کر دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے بھی ایران کے ساتھ اپنے سائنسی و علمی تعاون میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور دونوں ممالک کے سفیروں کے تعینات ہو جانے کے بعد ایران کی وزارت علوم بھی سعودی عرب میں مشترکہ سائنسی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی۔

ایران کی وزارت علوم کے مرکز برائے بین الاقوامی تعاون کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تہران ہمسایہ ممالک کے ساتھ علمی و سائنسی تعاون کو بڑی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس کے تحت رواں برس کے دوران قرب و جوار کے ممالک منجملہ ازبکستان، تاجیکستان، کرقیزستان، قازقستان اور بعض دیگر ممالک کے ساتھ بھی اپنے اس تعاون کو فروغ دے گا۔

 

ٹیگس