سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورس میں معاہدہ
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے مابین سعودی عرب میں جاری مذاکرات کے بعد دونوں قریقوں نے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: سعودی عرب کے شہر جدہ میں سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز ایک ابتدائی معاہدے پر پہنچ گئیں، اس معاہدے کے مطابق سوڈان میں متحارب فریقیوں نے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی حملے سے باز رہنے اور تمام شہریوں کو تنازعات اور محاصرہ شدہ علاقوں سے نکلنے کی اجازت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
سوڈان کی فوج اور پیرا ملٹری فورسز نے انسانی ہمدردی کے کاموں میں سہولت فراہم کرنے اور شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ فریقین نے سوڈان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اتحاد پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں عبدالفتاح البرہان کے زیر کمان فوج اور محمد حمدان دقلو کے زیر کمان پیرا ملٹری فورس کے درمیان گزشتہ ہفتوں کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں ہزاروں افراد ہلاک و زخمی اور بے گھر ہوئے۔