سعودی عرب نے ایران میں اپنا سفیر مقرر کر دیا
سعودی عرب نے سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد ایران میں اپنا نیا سفیر مقرر کر دیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: وزیر خارجہ ایران حسین امیر عبداللہیان نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض نے منگل کے روز تہران کے لئے اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔ نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھی جلد ہی ریاض میں اپنا سفیر مقرر کر دیں گے۔
امیر عبد اللہیان نے سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی اور سفارتخانوں کے کھولے جانے کے لئے دو ماہ کی مقرر شدہ مدت کے اختتام کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے ساتھی کئی ہفتوں سے اس امر کے مقدمات کی فراہمی میں مصروف ہیں اور میرے ساتھیوں نے بتایا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے اندر ان کا کام مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ریاض میں تہران کا سفارتخانہ بھی کھل جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خزانہ احسان خاندوزی کی قیادت میں ایک اقتصادی وفد گزشتہ روز سعودی دارالحکومت جدہ پہنچا ہے۔ یہ دورہ دونوں ملکوں کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد کسی ایرانی عہدیدار کا پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔
یہ وفد سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کے علاوہ اسلامی ترقیاتی بینک کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا جبکہ ایرانی وزیر اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔