May ۱۷, ۲۰۲۳ ۰۶:۲۲ Asia/Tehran
  • صیہونی آبادکاروں کی مسجد الاقصیٰ میں دراندازی، پرچم مارچ کے پیش نظر اشتعال انگیزیاں بڑھیں

دسیوں صیہونی آبادکاروں نے اپنے فوجیوں کے ہمراہ ایک بار پھر باب المغاربہ سے ہوتے ہوئے مسجد الاقصیٰ میں درآئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: صیہونی حکومت نے مسجد الاقصیٰ میں صیہونی آبادکاروں کے اشتعال انگیز داخلے کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی اسپیشل فورس کو گزشتہ روز مسجد کے اطراف میں تعینات کر دیا تھا۔

مقبوضہ بیت المقدس کے ادارۂ اوقاف اسلامی کے مطابق دسیوں صیہونی آبادکاروں نے مسجد الاقصیٰ کے صحن میں داخل ہو کر اشتعال انگیز اقدامات انجام دئے اور اپنی انتہاپسندانہ تلمودی رسومات کو مسجد کے باب الرحمہ پر جا کر ادا کیا۔

اس موقع پر صیہونی پولیس نے مسجد الاقصیٰ میں فلسطینی باشندوں کے داخلے کو لے رکاوٹیں کھڑی کیں جبکہ بعض کو مسجد میں داخل ہوتے وقت گرفتار بھی کر لیا۔ اسکے علاوہ مسجد کے اندر موجود دسیوں فلسطینی باشندوں کو باہر بھی کھدیڑ دیا گیا۔

یاد رہے کہ آئندہ جمعرات کو صیہونی آبادکار اپنی سالانہ اشتعال انگیز پرچم ریلی نکالنے جا رہے ہیں جسے ناکام بنانے کے لئے فلسطینی تنظیموں نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں مسجد الاقصیٰ میں حاضر ہوں۔

ٹیگس