شام میں الہول کیمپ سلامتی کے لئے سنجیدہ خطرہ
عراق کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ الہول کیمپ کی صورت حال پر توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے چونکہ اس سلسلے میں عدم توجہ، علاقے سمیت پوری عالمی سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: روسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے ریاض اجلاس میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بغداد اس کیمپ کی صورت حال پر توجہ دے رہا ہے، کہا ہے کہ شام میں تقریبا تین ہزار عراقی دہشت گرد موجود ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی موجودگی سے جاری بحران کا کوئی راہ حل تلاش کئے جانے کی ضرورت ہے، خاصطور سے ایسی حالت میں کہ اس صورت حال سے علاقائی و عالمی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی اتحاد کا ریاض اجلاس جمعرات کو مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت سے منعقد ہوا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق شمال مشرقی شام میں واقع الہول کیمپ میں تقریبا چھپن ہزار افراد موجود ہیں اور یہ کیمپ کرد ڈیموکریٹک فورس کے کنٹرول میں ہے جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔ اس کیمپ میں داعش کے دس ہزار بیرونی عناصر بھی موجود ہیں۔