Jun ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • سوڈان: فائربندی ہونے کے باوجود جھڑپیں جاری

فائربندی کے اعلان کے باوجود، سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں لڑائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق، سوڈان کی فوج اور ریپڈ ایکشن  فورس کے مابین چوبیس گھنٹے تک فائربندی پر اتفاق  ہوا تھا تاہم کئی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے، گولیوں کے تبادلے کی آواز، اب بھی سنائی دے رہی ہے۔ دارالحکومت خرطوم کی فضا میں دھواں بھی اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ خانہ جنگی کے دونوں فریق، چوبیس گھنٹے تک فائربندی کے لئے تیار ہوچکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فائربندی، ہفتے کی صبح دس بجے سے نافذ ہونی تھی ۔ سعودی عرب اور امریکہ کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سوڈانی فوج اور سریع الحرکت فورس نے فضائی، توپخانوں اور ڈرون حملوں، اسی طرح فوجیوں کی نقل و حرکت اور لاجسٹک سامان کی ترسیل کی روک تھام پر بھی اتفاق کرلیا تھا ۔ دونوں فریقوں نے سوڈان کے تمام علاقوں میں امدادی کارروائی اور جنگ کے متاثرین تک ضروری سامان کی ترسیل کی ضمانت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں سوڈان کی فوج اور محمد حمدان کی ریپڈ ایکشن فورس کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ پندرہ اپریل کو شروع ہوا تھا۔ یہ جھڑپیں دارالحکومت خرطوم سے شمالی اور مغربی شہروں اور قصبوں تک پھیل چکی ہیں۔

ٹیگس