شام، روسی جیٹ فائٹروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا
روسی جیٹ فائٹروں نے شام کے شمالی علاقوں میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اسپوتنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، روسی جیٹ فائٹروں نے جبہۃ النصرہ اور ترکستانی دھڑے نام سے مشہور دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے ذخیروں اور گوداموں کو نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
ایک اعلی سطحی ذریعے نے اس بارے میں بتایا کہ ان حملوں سے قبل، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگا کر پہلے روسی جاسوس طیاروں کے ذریعے معلومات جمع کی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق، گذشتہ دو دنوں میں لاذقیہ اور حماہ کے رہائشی علاقوں میں روپوش دہشت گردوں کو ڈرون حملوں کے ذریعے بھی نشانہ بناکر ہلاک کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے لاذقیہ شہر کے مضافات میں دہشت گردوں کے ایک ڈرون طیارے کو بھی مار گرایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سن دو ہزار سترہ میں ایران روس اور ترکیہ نے آستانہ امن عمل کی ضمانت فراہم کرتے ہوئے شام کے چار علاقوں کو فوجی کاروائی سے پاک علاقہ قرار دیا تھا تاہم دہشت گردوں نے کبھی بھی اس معاہدے کی پابندی نہیں کی۔