Jul ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • سوڈان میں خونریز جھڑپیں جاری

افریقی ملک سوڈان میں خونریز جھڑپیں جاری ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سوڈانی فوج اور سریع الحرکت فورس کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں اورام درمان شہر میں کئی دھماکے ہوئے۔ اس شہر میں منگل کے روز بھی ہونے والی جھڑپوں میں کئی عام شہری جاں بحق ہوئے اور کئی گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

سوڈان میں جھڑپوں اور شدید لڑائی نے دارالحکومت خرطوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے کیونکہ بیماری اور غذائی قلت نے بے گھر ہونے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

خرطوم کے شمالی علاقے میں اتوار کی صبح لڑائی شروع ہوئی جس کے بارے علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ آر ایس ایف نے سوڈانی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی، دارالحکومت کے شمالی حصوں میں فضائی حملے کیے گئے اور شہر کے مشرق میں بھاری گولہ باری کی گئی۔

خیال رہے کہ سوڈان کی صورتحال پر دارالحکومت خرطوم سے اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازع کے باعث سوڈان سے انخلا کرنے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ جائے گی۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ سوڈان سے اب تک 6 لاکھ افراد انخلا کر کے پڑوسی ممالک میں جاچکے ہیں ۔ سوڈان کے لوگوں نے مصر، چاڈ، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقہ میں پناہ لی ہے۔

سوڈان کی خانہ جنگی سے 25 لاکھ سے زائد افراد بےگھر ہوئے ہیں ۔ عالمی ادارے نے کہا کہ خانہ جنگی کے دوران اب تک سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔

سوڈان میں پندرہ اپریل سے عبدالفتاح البرہان کی زیر کمان فوج اور محمد حمدان کی زیر کمان ریپڈ ایکشن فورس کے درمیان دارالحکومت خرطوم سمیت مختلف علاقوں میں جنگ جاری ہے۔ جنگ بندی کی تمام تر کوششوں کے باوجود ابھی تک بحران ختم نہیں کرایا جا سکا ہے یہاں تک کہ عارضی جنگ بندی کے باوجود دونوں فریقوں کی جانب سے خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رہا ہے اور اب دونوں فریق ایسی حالت میں تین روز کی فائر بندی پر رضا مند ہوئے ہیں کہ ملک کی صورت حال المیہ بن گئی ہے۔

ٹیگس