Jul ۰۹, ۲۰۲۳ ۰۸:۱۱ Asia/Tehran
  • یمن میں سویڈش مصنوعات کی درآمدات پر پابندی

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت نے سویڈن میں ہوئی شانِ قرآنی میں گستاخی پر سویڈش مصنوعات کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: یمنی ذرائع کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر تجارت و صنعت محمد مطہر نے بتایا کہ یمن کی وزرا کونسل میں سویڈش مصنوعات کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایک کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے جو تاجروں اور اُن کے نمائندوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہتے ہوئے انہیں اس فیصلے پر عملدرآمد کے لئے کہے گی۔

یمن کے وزیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ سویڈش مصنوعات کی ملک میں درآمدات کم ضرور ہے مگر اُن پر پابندی اس لئے عائد کی گئی کہ قرآن پاک کی اہانت کے سلسلے میں ان کے ملک کا مذمتی پیغام دنیا تک پہنچ جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بندرگاہوں پر اگر سویڈش مصنوعات پہنچیں تو انہیں فریز کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اٹھائس جون کو ایک انتہا پسند سویڈن باشندے نے حکومت کی اجازت کے بعد پولیس کی کسٹڈی میں قرآن پاک کی اہانت کر کے امت اسلامیہ کے دل کو مجروح کر دیا تھا جس پر عالمی سطح پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

ٹیگس