Jul ۳۰, ۲۰۲۳ ۱۱:۰۵ Asia/Tehran
  • کربلائے معلیٰ میں حسینی عزاداروں کا بڑا اجتماع، 16ملین عزاداروں کی شرکت

عراقی پارلیمنٹ سروس کمیشن کے وائس چیئرمین نے کہا ہے کہ 10 محرم الحرام کو 16 ملین زائرین کربلا میں داخل ہوئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: الفرات نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے سروس کمیشن کے نائب سربراہ باقر السعدی نے کہا ہے کہ ہفتہ 29 جولائی کو عاشورائے حسینی کے دن تقریباً 16 ملین زائرین مقدس شہرکربلا میں داخل ہوئے۔

نویں محرم اور روز عاشور نیز اربعین حضرت امام حسین علیہ السلام، مسلمانوں کی تین ایسی تاریخیں ہیں جن میں ہر سال اہل بیت اطہار (ع) کے چاہنے والے کروڑوں افراد کربلائے معلیٰ پہنچتے ہیں اور عزاداری کرتے ہیں ۔ کربلائے معلیٰ میں یکم محرم سے ہی زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہا اور عصر عاشور تک یہ تعداد بڑھ کر 16 ملین تک پہنچ گئی ۔ دیگر ملکوں سے بھی عاشورائے حسینی میں شرکت کرنے کے لئے لاکھوں لوگ آئے تھے جن میں سب سے زیادہ تعداد ایران، پاکستان اور ہندوستان سے آنے والے زائرین کی بتائی جاتی ہے۔

کربلائے معلیٰ میں 16 ملین زائرین کی موجودگی میں بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے عزاداری کے مراسم کا انعقاد عراقی سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے کیونکہ تکفیری اور دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش نے عزاداروں پرحملے کی دھمکیاں دی تھیں۔

عراقی فوج اور پولیس نے اعلان کیا تھا کہ کربلا میں نویں محرم اور عاشور کے دن عزاداروں کی حفاظت کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ٹیگس