یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج جاری، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج
سویڈن اور ڈنمارک میں تواتر کے ساتھ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جس پر پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن مجید کی مسلسل توہین اور بے حرمتی کے واقعات پر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس آج ہونے جا رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعات پر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا ورچوئل ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔
اس حوالے سے سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا ہے کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا جدہ میں ورچوئل اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔
اجلاس میں سویڈن اور ڈنمارک میں پیش آنے والے اشتعال انگیز واقعات کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزرائے خارجہ کا 18 واں ہنگامی اجلاس او آئی سی کے 2 جولائی کو اجلاس کے بیان پر عملدرآمد کا حصہ ہے۔
قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران، عراق اور پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک نے سویڈن اور ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں رواں ماہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی اور متعلقہ حکومت اور دیگر ممالک کو اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ ایران، پاکستان، عراق ، یمن، لبنان اور شام سمیت کئی ممالک میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے اور مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔