Aug ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • عالمی برادری قرآن مجید کی توہین سے متعلق اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہو جائے: او آئی سی

او آئی سی نے سویڈن اور ڈنمارک میں بار بار قرآن کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: جدہ میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 18 ویں غیر ورچوئل ہنگامی اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک قرارداد میں او آئی سی نے سویڈن اور ڈنمارک کے حکام کی جانب سے اس طرح کی کارروائی کی اجازت دینے پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2686 (2023) کا حوالہ دیتے ہوئے او آئی سی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے حکام کو ایسی کارروائیوں کو دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔

قرارداد کے مطابق او آئی سی نے یورپی یونین کے کمیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں ایک وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد آزادی اظہار کی آڑ میں ان مجرمانہ کارروائیوں کی روک تھام کا مطالبہ کرنا ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم نے آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کے تقدس کو مجروح کرنے کی تمام کوششوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہو جائیں۔

او آئی سی نے اس بات پر زور دیا کہ اظہار رائے کی آزادی کا استعمال ذمہ داری اور فرض کے احساس کے ساتھ ہونا چاہیے۔

متفقہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے او آئی سی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ سویڈن اور ڈنمارک سمیت ان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں مناسب فیصلے اوراقدامات کرنے پرغورکریں جہاں قرآن کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔

 

ٹیگس