فلسطینی اتھارٹی کی فورسز نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مارکر شہید کردیا
فلسطینی اتھارٹی کی سیکورٹی فورسز نے طولکرم کیمپ میں ایک نوجوان فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: قدس الاخباریہ ویب سائٹ کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کی سیکورٹی فورسز نے آج بدھ کو دوپہر کے وقت طولکرم کیمپ پر حملہ کیا اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے قائم کی گئیں رکاوٹوں کو اکھاڑ دیا۔ یہ کاوٹیں استقامتی فورسز نے غاصب صیہونی حکومت کے آئے دن ہونے والے فوجی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کھڑی کی تھیں۔
اس کارروائی کے بعد طولکرم میں فلسطینی نوجوانوں اور فلسطینی اتھارٹی کی سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں گولی لگنے سے ایک فلسطینی نوجوان "عبد القادر زغدہ" شہید ہوگیا۔
مغربی کنارے میں فلسطینی گروپوں نے مغربی کنارے میں ہونے والی آج کی اس کارروائی کو ایک خطرناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے سیکورٹی وعدوں کے غماز ہیں۔