فتنہ انگیز عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، عراقی وزیر اعظم
عراق کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ کرکوک میں فتنہ انگیز عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے صوبے کرکوک کے نمائندوں سے گفتگو میں کرکوک میں امن و امان کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے تاکید کی کہ کرکوک میں سیکورٹی فورس اس صوبے کے عوام اور ان کے حقوق کی حمایت جاری رکھتے ہوئے امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس سے قبل ہفتے کو عراق کے صدر عبداللطیف جمال رشید نے بھی مرکزی حکومت اور سیکورٹی فورس سے کہا تھا کہ وہ کرکوک کی صورت حال کنٹرول کرنے اور امن کے تحفظ نیز قانون کی بالادستی کے لئے اس طرح سے مداخلت کرے کہ منصفانہ امن کا تحفظ کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ کرکوک کی صورت حال ان دنوں بحرانی بنی ہوئی ہے جس سے اس صوبے میں سیاسی و سماجی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔
کرکوک پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرکوک کی جھڑپوں میں چار کرد جوان ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔