امریکہ، لبنان کو بجلی اور گیس کی فراہمی میں رکاوٹ ہے: شیخ نعیم قاسم
حزب اللہ کے نائب سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ امریکہ، لبنان کو ایران اور اردن سے بجلی اور مصر سے گیس کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے نائب سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ امریکہ، ایران اور اردن سے لبنان کو بجلی کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اسی طرح وہ مصر سے گیس کی فراہمی کی بھی اجازت نہیں دیتا۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ اور نیشنل فریڈم والوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ صدر کے انتخاب کے حوالے سے کوئی مناسب راہ حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عوام صدر کے خلاء کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا امریکہ اور اس کے حامیوں کی کوشش یہ ہے لبنان انتشار کا شکار ہوجائے اور امریکہ کی لبنان کے ساتھ دشمنانہ پالیسی کی وجہ اسرائیل ہے اور اسی وجہ سے اس نے لبنان پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔