عراق کو غیر ملکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں: عراقی مسلح افوج
عراقی مسلح افوج کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہےکہ وہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور توانائی رکھتی ہیں اور ان کے ملک کو بیرونی فوج کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق عراقی مسلح افواج کی مشترکہ کمان کے کمانڈر، تحسین الخفاجی نے کہا ہے کہ عراقی مسلح افواج جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں جو داعش سمیت ہر طرح کے دہشت گرد گروہ کا مقابلہ کرنے کی توانائی رکھتی ہیں۔
انھوں نے تاکید کی کہ عراق کی مسلح افواج نے ملک میں دہشت گردی اور تخریبی عناصر کا مقابلہ کرنے اور سرحدوں پرامن قائم کرنے اور قابل قبول نتائج حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عراقی سیکیورٹی فورس اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی عراق میں دہشت گردوں کی دراندازی کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دہشت گردوں پر ان کی مکمل نظر ہے۔
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے بارہا تاکید کی ہے کہ عراق میں امریکہ کی سرکردگی میں کسی بھی بیرونی فوج کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔