شام پر اسرائیل کے جنگی طیاروں کا حملہ، 2 شامی فوجی زخمی
اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر کی رات مشرقی شام کے علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے مشرقی شام کے دیرالزور شہر کے اطراف کے علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شام کے 2 فوجی زخمی ہوئے۔
شام کے ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ نصف شب کے قریب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اس حملے کے نتیجے میں 2 فوجی زخمی اور کافی مالی نقصان ہوا۔
غاصب صیہونی حکومت نے حالیہ مہینوں کے دوران بارہا شام کے غیر فوجی علاقوں اور خاص طور سے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے جس پر شام نے ہمیشہ سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
شام کی حکومت نے بارہا اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے علاقائی اور مغربی اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام میں حکومت کے خلاف برسرپیکار دہشت گرد گروہوں کی بھرپور حمایت کر رہی ہے اور شامی فوج نے بارہا ان دہشت گرد گروہوں کے ایسے ہتھیار ضبط کئے ہیں جو غاصب صیہونی حکومت نے ان گروہوں کو فراہم کئے ہیں۔