Oct ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • افغانستان: ہرات میں زلزلے کی تباہ کاریاں، ایران کی امدادی ٹیم افغانستان پہنچ گئی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے افغانستان کے صوبے ہرات میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں جانوں کے ضیاع پر طالبان کی عبوری حکومت اور دوست و ہمسایہ ملک کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد شفایابی کی دعا کی ہے - انہوں نے کہا کہ ہم اس غم و اندوہ کے موقع پر افغانستان کی قوم کے ساتھ کھڑے ہيں-

واضح رہے کہ ہفتے کے روز افغانستان میں چھ اعشاریہ تین کی شدت کے زلزلے نے افغانستان کو ہلاکر رکھ دیا- اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں، اس زلزلے میں مرنے والوں کی تعداد دو ہزار سے زیادہ بتائی ہے- یہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ جس کی شدت ایران ، ترکمنستان اور ازبکستان میں بھی محسوس کی گئی-

اس درمیان ایران کے جنوبی خراسان کی ہلال احمر سوسائٹی کے مینجنگ ڈائرکٹر نے افغانستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کارکنوں کو بھیجے جانے کی اطلاع دی ہے- محمد علی کاوسی نے کہا ہے کہ افغانستان کے شمال مغرب میں آنے والے زلزلے کے بعد خیر خواہی، بھائی چارے اور ہمسائیگی کی بنیاد پر ہلال احمرسوسائٹی کی پندرہ افراد پر مشتمل ایک ٹیم، مکمل سازوسامان کے ساتھ زلزلہ زدہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہے۔

ٹیگس