Oct ۱۲, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۱ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی میں 447 فلسطینی بچے شہید

فلسطین کی وزارت صحت کی طرف سے جاری غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق غاصب اسرائیلیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کی تعداد 447 ہوگئی ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں فلسطین کی وزارت صحت نے غاصب صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینی شہیدوں کے تازہ اعداد و شمار جمعرات کو جاری کئے ہیں۔ فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق "طوفان الاقصیٰ" جنگ میں شہید فلسیطینوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اب شہید فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 1417 ہوگئی ہے، شہید ہونے والوں میں 447 بچے بھی شامل ہیں۔

گزشتہ 7 اکتوبر کو غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف "طوفان الاقصیٰ" کے نام سے موسوم استقامتی محاذ کی کامیاب کارروائی کے بعد غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی پر حملے شروع کردیئے جو اب بھی جاری ہیں۔ ان وحشیانہ حملوں میں 1417 شہیدوں کے علاوہ 6268 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 248 عورتیں بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا غزہ پٹی میں فلسطینی حکومت کے دفتر اطلاعات نے آج جمعرات کو ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو غاصب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے 30 مقامات پر قتل عام کیا ہے جس میں 220 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور عورتیں شامل ہیں۔

 

ٹیگس