جنگ کا دائرہ دیگر علاقوں تک پھیلنے کی بابت اسماعیل ہنیہ کا انتباہ
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت جاری رہنے کی صورت میں جنگ کا دائرہ پورے علاقے تک پھیل سکتا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غزہ کی جنگ، علاقے کی جنگ میں تبدیل ہونے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے مقابلے میں بے بس ہو کر غاصب صیہونی حکومت بدحواسی کا شکار ہے اور بوکھلاہٹ میں وحشیانہ حملے کر رہی ہے جس میں صرف عام شہری ہی شہید و زخمی ہو رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں کے خلاف طوفان الاقصی آپریشن بدستور جاری ہے۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ غزہ کے خلاف جنگ کا دائرہ غرب اردن اور لبنانی سرحدوں تک پھیل چکا ہے اور غاصب صیہونی حکومت نے اگر ہوش کے ناخن نہیں لئے تو جنگ کا دائرہ پورے علاقے میں پھیل جائے گا اور پھر پیدا ہونے والی صورت حال کو کنٹرول نہیں کیا جا سکے گا۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ صیہونی حکام کے جنگي جرائم پر ردعمل ظاہر کرے اور مجرموں کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں کیس دائر کرے۔