Oct ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • بعض حکومتیں غزہ سے متعلق جعلی خبریں پھیلا رہی ہیں: اوآنا کے چیئرمین

ایشیا پیسیفک کی نیوز ایجنسیوں کی تنظیم اوآنا ( OANA) کے چیئرمین نے اس تنظیم کی افتتاحی نشست سے خطاب میں کہا ہے کہ بعض ملکوں کی حکومتیں غزہ جنگ کے حوالے سے جعلی خبریں پھیلانے کی مہم چلارہی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام : ایشیا اور پیسیفک کی نیوز ایجنسیوں کی تنظیم او آنا کے چیئرمین نے استنبول اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چالیس اسرائیلی بچوں کا سر قلم کرنے کی افواہ، مقبوضہ فلسطین میں میوزک کنسرٹ پر حملےکی جھوٹی خبر اور غزہ کے اسپتال پر وحشیانہ حملے میں صیہونی حکومت کو بے قصور قرار دینے کی کوشش، یہ سب غزہ کی جنگ کےحوالے سے جعلی خبریں نشرکرنےکی مہم کا حصہ ہے جس کے ذریعے دنیا کے عوام تک جنگ غزہ کی حقیقت پہنچنے کی روک تھام کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور جنگ غزہ کے حقائق میں تحریف کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھی کام لیا جارہا ہے۔ ایران کی نیوز ایجنسی ارنا کے ایم ڈی اور اوآنا کے چیئر مین علی نادری نے کہا کہ غزہ کے بارے میں جھوٹی خبروں پر یقین کرکے بعض ملکوں کے سربراہوں نے جلدبازی میں ردعمل ظاہر کیا اور بعد میں حقیقت معلوم ہونے پر اپنا نظریہ تبدیل کیا۔

ارنا کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور ایشیا و پیسیفک کی نیوز ایجنسیوں کی تنظیم او آنا کے چیئیر مین علی نادری نے تنظیم کے اراکین سے اپیل کی کہ جھوٹی خبریں پھیلانے کی مہم کو ناکام بنانے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ قابل ذکر ہے کہ ایشیا پیسیفک کی نیوز ایجنسیوں کی تنظیم او آنا میں دنیا کے 35 ملکوں کی 44 نیوز ایجنسیاں شامل ہیں

ٹیگس