جبالیا کیمپ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری، انیس فلسطینی شہید اور متعدد زخمی
پریس ذرائع کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے شمال میں جبالیا کیمپ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے جہاں مزید انیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے مغرب میں تل ہوی اور اسی طرح بیت لاہیا، الکرامہ اور الشفا و انڈونیشین اسپتالوں کے اطرافی علاقوں پر جارحانہ حملے کئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جبالیا کیمپ کے علاقے الخلفا پر بھی بمباری میں مزید انیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
اسی طرح الشواطی کیمپ، النصر اور شیخ رضوان علاقوں پر صیہونی جارحیت جاری ہے۔ دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے انڈونیشین اسپتال کے اصل جنریٹر بند ہو جانے کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں اسپتال میں اڈمٹ بیماروں کو سنگین المیے کا سامنا ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک آٹھ ہزار سات سو چھیانوے فلسطینی، شہید ہوچکے ہیں جن میں بیشتر بچے اور عورتیں نیز سن رسیدہ افراد شامل ہیں جبکہ ہزاروں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔