غزہ کے الشفا اسپتال پر صیہونی فوج کا سفاکانہ حملہ
بعض خبروں کے مطابق جارح اسرائیل نے الشفا ہسپتال پر حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: الشفا ہسپتال سے اسرائیلی ٹینکوں کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی غزہ کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس غاصب حکومت نے سرکاری طور پر اعلان کیا ہےکہ وہ چند منٹوں بعد اس ہسپتال پر حملے اور اس میں داخل ہونے کا اراداہ رکھتی ہے جبکہ اس ہسپتال میں اس وقت طبی عملے سمیت پندرہ سو پناہ گزيں موجود ہیں۔
المیادین چینل نے اپنے نامہ نگارکےحوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوجی اپنے ٹینکوں کے ساتھ مغربی غزہ میں واقع الشفا ہسپتال کے داخلی دروازوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے غزہ کے وزیر صحت منیر البرش سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتےہوئے کہا ہے کہ کچھ دیر بعد اسرائیلی فوجی اس ہسپتال میں داخل ہوجائیں گے۔ الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اس ہسپتال پر اپنے حملے شروع کردیئے ہيں۔ غزہ کے الشفا ہسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے کے آغاز سے اس ہسپتال کے ساتھ تمام رابطے منقطع ہوگئے ہيں اور یہ ہسپتال مکمل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس ہسپتال میں پندرہ سو طبی عملے کے افراد اور پناہ گزیں موجود ہیں۔ روئیٹرز نے بھی اپنی رپورٹ میں خبر دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملہ شروع کردیا ہے۔