اسرائيلی حکومت کی سب سے بڑی انٹیلیجنس شکست، الشفاء اسپتال میں کوئی جنگی قیدی نہیں ملا
صیہونی میڈیا ذرائع نے غزہ کے الشفا اسپتال پر حملے کے تعلق سے انکشاف کیا ہے کہ اس اسپتال میں کسی بھی صیہونی جنگی قیدی کی موجودگی کی کوئی خبر نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: صیہونی ذرائع ابلاغ منجملہ صیہونی فوج کے ریڈیو اور چینل تیرہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے الشفا اسپتال میں کسی بھی صیہونی جنگی قیدی کی موجودگی کی کوئی خبر نہیں ہے۔
العربی ٹی وی چینل نے بھی تل ابیب کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ یہ جنگ غزہ کے آغاز سے اب تک کی اسرائيلی حکومت کی سب سے بڑی انٹیلیجنس شکست ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنگ غزہ کے آغاز سے ہی یہ پروپیگنڈہ کیا تھا کہ حماس کے لیڈران الشفا اسپتال کے انڈرگراؤنڈ میں اور صیہونی جنگی قیدی بھی الشفا اسپتال میں رکھے گئے ہیں۔
اور دو دن قبل بھی ایک اسرائيلی عہدیدار نے روزنامہ وال اسٹریٹ جرنل سے انٹرویو میں دعوی کیا تھا کہ صیہونی جنگی قیدی الشفا اسپتال میں ہوسکتے ہیں لیکن اب اسرائیلی ذرائع ابلاغ نےصیہونی فوج میں اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اس اسپتال میں اسرائیلی جنگی قیدیوں کی موجودگی کی کوئی علامت نہیں ہے۔
اس نامہ نگار کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال کے اندر کسی سرنگ کے ملنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
صرف اسرائيلی نامہ نگاروں نے دعوی کیا ہے کہ اسپتال میں اسلحے ملے ہیں لیکن یہ نہیں معلوم ہوسکا ہے کہ یہ اسلحے کس نوعیت کے ہیں۔ ممکن ہے کہ یہ اسلحے ذاتی نوعیت کے ہوں جو عام طور پر دنیا بھر میں اسپتالوں کے محافظین کے پاس ہوتے ہیں۔