فلسطین کی تحریک استقامت کی حمایت میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حزب اللہ کے حملے
مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں اور لبنان کی سرحد کے قریب واقع صیہونی آبادی کے علاقوں میں خطرے کاسائرن بجنے سے غاصب صیہونیوں پر خوف طاری ہو گیا اور افراتفری مچ گئی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں فلسطین کی تحریک استقامت کی حمایت میں اس نے غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ کے پہلے بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی تحریک استقامت نے بدھ کو صیہونی فوجی ٹھکانے اومیم پر حملہ کرکے غاصب صیہونی فوجیوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ حزب اللہ کے دوسرے بیان میں آیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے روئیسات العلم میں صیہونی فوجی ٹھکانے پر حملہ کیا گیا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک اور بیان میں اعلان کیا ہے کہ بدھ کی شام صیہونی فوجی ٹھکانے برکت ریشا کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حزب اللہ لبنان نے حالیہ دنوں میں اور غزہ کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت اور فلسطینی عوام منجملہ عورتوں اور بچوں کے ہونے والے بہیمانہ قتل عام کے بعد مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس کی بنا پر مقبوضہ علاقوں میں آباد غاصب صیہونیوں پر خوف و ہراس طاری ہو گیا۔