محمود عباس: امریکا سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور غزہ میں انسانی المیہ روکنے کے لئے فوری طور پر موثر اقدام کریں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ میں اب تک بیالیس ہزار افراد انسانی المیے کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ امریکی صدر صیہونی حکام پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ غزہ کی جنگ بند کرائیں اور محصور عوام تک انسان دوستانہ امداد پہنچوائیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے کے علاقوں میں بھی صیہونی جارحیت بند کرائے جانے کی ضرورت ہے ورنہ حالات کنٹرول سے بالکل باہر ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو بھی اپنی سرزمین میں آزادانہ اور عزت مندانہ زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے اور بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کے مقصد کے حصول کے لئے کوشش جاری رکھنا بھی فلسطینی قوم کا ایک ایسا حق ہے جسے پورا کیا جانا چاہیے۔