اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا
فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں علاج معالجے کی ابتر صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت گوناگوں مظالم کے ذریعے غزہ کے باشندوں کو کوچ پر مجبور کرنا چاہتی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے اتوار کے دن اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ صیہونی حکومت نے نو دن تک الشفا ہسپتال کا محاصرہ کئے رکھا ہے، کہا کہ اسرائیل ہسپتالوں کو غیرفعال بنانے کے ذریعے فلسطینی شہیدوں کی تعداد بڑھانا چاہتا ہے۔ غزہ میں حماس تحریک کے پریس آفس نے بھی کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے چوالیس دنوں کے دوران غزہ کے باشندوں پر تیرہ سو سے زیادہ حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں بارہ ہزار تین سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ پریس آفس نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اب تک پانچ ہزار سے زیادہ بچے اور تین ہزار تین سو سے زیادہ خواتین شہید ہوچکی ہیں کہا کہ ان حملوں میں تیس ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے پچھتر فیصد خواتین اور بچے ہیں۔ پریس آفس کے بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں پچیس ہسپتال اور باون ہیلتھ سینٹر غیر فعال ہوچکے ہیں۔