انتالیس قیدیوں کی رہائی، غزہ میں جشن کا ماحول (ویڈیو)
-فلسطین کے مختلف علاقوں میں فلسطینی قیدیوں کی رہائي کے بعد جمعے کی رات جشن کا ماحول رہا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: خبروں کے مطابق فلسطینیوں کی بڑی تعداد رہا ہونے والی فلسطینی خواتین اور بچوں کے استقبال کے لئے سڑکوں پر جمع ہوئے تھے۔ یہ لوگ صیہونی جیلوں سے رہا ہوکر اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچ گئے ہیں۔ فلسطین میں واقع بیوتنیا کالونی بھی ان علاقوں میں سے ہے جہاں بہت سے فلسطینی جمع ہوئے تاکہ رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کا استقبال کریں۔
یاد رہے فلسطین میں قیدیوں کے امور کے ذمہ دار ادارے نے جمعے کی رات تصدیق کی ہے کہ صیہونی فوج نے انتالیس فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق فلسطین میں قیدیوں کے امور کے ذمہ دار ادارے نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ یہ فلسطینی قیدیوں کا پہلا گروپ ہے جنہیں جنگ بندی کے بعد رہا کیا گيا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان قیدیوں میں چوبیس خواتین اور پندرہ بچے ہیں۔اس سے پہلے ان انتالیس لوگوں کے ناموں کا اعلان کیا گيا تھا اور کہا گیا تھا کہ انہیں عوفر جیل پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے انہیں رہا کر دیا جائے گا۔ فلسطین میں قیدیوں کے امور کے ذمہ دار ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ جن ملکوں نے ثالث کا کردار ادا کیا ہے وہ قیدیوں کے تبادلے کے ضامن ہیں اور امید ہے کہ قطر، مصر اور امریکہ، تمام قیدیوں کی رہائی کےلئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔