فائر بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے: سرایا القدس
سرایا القدس نے کہا ہے کہ فائر بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کئے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ ہم فائر بندی کے سمجھوتے کے پابند ہیں ، اس سمجھوتے کی خلاف ورزی کئے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور خلاف ورزی کرنے پر مناسب جواب دیا جائے گا۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے رہنما داؤد شہاب نے بھی کہا ہے کہ ہرگز غاصب صیہونیوں کو فلسطینی مزاحمتی تحریک کی شرطوں کو تبدیل کرنے کی اجازت نہيں دیں گے۔ داؤد شہاب نے کہا کہ تمام وہ اقدامات جو مزاحمتی تحریک انجام دے رہی ہے ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور یہ اقدامات پوری ہم آہنگی کے تحت انجام پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جنگ بند ہو اور فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور ان کی جبری نقل مکانی کے اسرائیلی منصوبے کو روکا جائے۔
داؤدشہاب نے کہا کہ اس بات کی واضح ضمانت ہونی چاہیے کہ اسرائیل اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرے گا- انھوں نے کہا کہ مزاحمتی تحریک، ثالثوں کی کوششوں کے جاری رہنے کی حمایت کرتی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا کہ یہ گروپ دیگر اسرائیلی قیدیوں کو بھی رہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔انہوں نے اس بات کا ذکر کرتےہوئے کہ ہم قیدیوں کے تبادلے کی شقوں کے پابند رہنے کی کوشش کر رہے ہيں لیکن یہ غاصب صیہونی ہیں جو جنگ بندی کے نفاذ کی کوئی پرواہ نہیں کرتے۔