غاصب صیہونی فوجیوں کا جنین پناہ گزیں کیمپ پر حملہ
غاصب صیہونی فوجیوں نے جنین پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: باخبر ذرائع نے الجزیرہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں بتایا ہے کہ جنین پناہ گزیں کیمپ میں استقامت کے مجاہدین اور غاصب صیہونیوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور فائرنگ کی آواز مسلسل سنائی دے رہی ہے۔
جنین کے سرکاری ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوجی جنین ہسپتال میں ایمرجنسی کے شعبے کے عملے کی امدادی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور اسے ہسپتال میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے جنین شہر میں حتی ایک زخمی فلسطینی پر ترس نہیں کھایا اور اسے گرفتار کر لیا۔
طبی ذرائع نے بھی کہا ہے کہ جنین شہر اور پناہ گزیں کیمپ میں غاصبوں کی فائرنگ سے کم از کم تین فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ غاصب صیہونیوں نے جنین پناہ گزیں کیمپ کے الدمج نامی محلے میں ایک رہائشی مکان کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔
فلسطینی مجاہدین نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے غاصب فوجیوں کے سازوسامان پر ہینڈ گرینیڈ پھینکے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ صیہونی فوج نے اضافی فورس طلب کر لی ہے اور یہ فوجی جنین پہنچ گئے ہیں ۔
الجزیرہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونیوں نے جنین پناہ گزیں کیمپ کے داخلی راستوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ جنین میں فلسطین کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی کہا ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے اس شہر کے ہسپتالوں کے صحنوں پر حملے کر تے ہوئے ان کا محاصرہ کر لیا ہے۔ غاصب فوجی اس شہر میں صحت اور علاج معالجے کا نظام درہم برہم کرنا چاہتے ہیں۔