Nov ۳۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • قطر: غزہ میں جنگ بندی کی مدت میں توسیع کا اعلان جلد ہوگا

قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان عارضي جنگ بندی کی مدت میں توسیع کا اعلان اگلے چند گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری سے سی این این کے ساتھ گفتگو میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ بندی کی مدت میں توسیع کی خبر دی ہے۔ الانصاری نے کہا کہ ہم آنے والے گھنٹوں میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی مدت بڑھائے جانے کے تعلق سے پر امید ہیں۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جنگ بندی کے مذاکرات پر حاکم فضا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں اور مثبت ماحول میں انجام پا رہے ہيں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صیہونی حکومت اور تحریک حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا آخری دن تھا۔ یہ جنگ بندی پہلے چار دن کے لیے قائم کی گئی تھی اور پھر اسے مزید دو دن تک بڑھا دیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے مطابق مزاحمت کے ہاتھوں قیدی بنائے گئے ہر صہیونی کی رہائی کے بدلے، صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند تین فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور انسانی امداد کی ایک مخصوص مقدار بشمول ایندھن غزہ کی پٹی میں داخل کی جائے گی۔ یہ ایسے میں ہے کہ گزشتہ دنوں صیہونی حکومت نے بارہا جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے شمال میں ایندھن اور امداد کے داخلے کو روک دیا ہے۔

ٹیگس