یمن کی تحریک انصاراللہ: صیہونی اہداف پر دوبارہ حملے شروع کرنے کی آمادگی کا اعلان
یمن کی تحریک انصاراللہ نے ایک بیان میں مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے لئے اپنی آمادگی کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید بدرالدین الحوثی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے یمنی فوج غزہ پر صیہونی جارحیت دوباره شروع ہونے پر، مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں پر حملے شروع کرنے کے لئے مکمل آمادہ ہے۔ یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جارحیت کے جواب میں جنگ کا دائرہ وسیع کرنے میں کوئی شبہ نہیں پایا جاتا۔ یمن کی مسلح افواج نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کو روکنے کا عمل جاری رہے گا۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے تاکید کی ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی جارحیت بند ہوتے ہی ہماری فوجی کارروائی بھی رک جائے گی۔ واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ ہفتے غزہ پر صیہونی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بحیرہ احمر کے جنوبی علاقے میں غاصب صیہونی حکومت کا ایک بحری جہاز روک لیا ہے۔