Dec ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • ہم مسئلۂ فلسطین سے دستبردار نہیں ہوسکتے، یمنی لیڈر

تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سینئر رکن علی القحوم نے مسئلۂ فلسطین کی حمایت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسئلۂ فلسطین سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سینئر رکن علی القحوم نے مسئلہ فلسطین کی حمایت پر زور دیتے ہوئے  صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کا ذکر کیا اور کہا کہ امریکہ بحیرۂ احمر اور باب المندب میں فوج بھیج کر امن کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے سینئر رکن علی القحوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا ہے کہ ملک یمن کا موقف اور بحیرۂ احمر اور باب المندب میں وسیع کارروائی کے ذریعہ فلسطین کی زبانی اور عملی حمایت امریکہ اور صیہونی حکومت کی ہنگامہ آرائیوں کا سبب بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن اور علاقے کے خلاف مسلسل سازشوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی جہاز رانی کی حمایت کی آڑ میں بحیرۂ احمر اور باب المندب میں امریکی اور مغربی افواج بھیجے جانے نیز امریکہ اور غاصب اسرائیلی حکومت کی ہنگامہ آرائیوں میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔

علی القحوم نے کہا کہ یہ ناکام کوششیں ہیں اور یمن کی حکومت و قیادت صیہونی جہازوں کو نشانہ بناتی رہے گی نیز ہم مسئلۂ فلسطین سے اسلامی و عربی مسئلے کے طور پر کبھی بھی دستبردار نہیں ہوسکتے۔

 

ٹیگس