Dec ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • غزہ شہرتباہ ، شہداء اور زخمیوں کی تعداد 64 ہزار ہو گئی

غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری ہیں . غزہ کی وزارت صحت نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران جارح صیہونی فوج کے حملوں میں عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کے شہید ہونے کی خبر دی ہے-

سحر نیوز/ عالم اسلام: غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی جارحیت میں مزید اکہتر افراد شہید اور ایک سو ساٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں جنہیں شہدائے الاقصی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے-

دوسری جانب فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے بمبار طیاروں نے غزہ کےمرکز میں واقع النصیرات کیمپ میں ابومھادی خانوادے کے گھر پر بمباری کی ہے جس کے نتیجےميں پانچ افراد شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔

اسی طرح صیہونی حکومت کی جنگی کشتیوں نے جنوبی غزہ میں رفح ساحل کی سمت مارٹر گولے پھینکے ہیں- صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے ایک بار پھر جنوبی غزہ کے شہرخان یونس پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ اسی طرح اس غاصب حکومت کے جنگی طیاروں نے شہر رفح پر پھر سے بمباری شروع کردی ہے-

فلسطینی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے شہر رفح میں کویتی ہسپتال پر بمباری کی ہے ۔ فلسطینی ذرائع نے اسی طرح مرکزی غزہ میں الزوائدہ ٹاؤن میں ایک گھر پر بمباری کی ہے- فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ شہر غزہ کے مشرقی علاقوں پر بھی جارح فوجیوں نے بھاری ہوائی اور توپخانے کے حملے کئے ہيں۔

غزہ کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق غزہ پر صیہونی جارحیت کے 63 ویں دن شہداء کی تعداد 17 ہزار 487 جبکہ زخمیوں کی تعداد 46 ہزار 480 ہو گئی ۔ جبکہ شہید اور زخمی ہونے والوں میں 60 فیصد سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔

ٹیگس