یمن کی مسلح افواج کے پانچویں ڈویژن کے کمانڈروں کی نشست، صیہونی دشمن کے خلاف حملے جاری رکھنے پر زور
یمن کی مسلح افواج نے غزہ کا محاصرہ جاری رہنے کی صورت میں صیہونی دشمن کے خلاف حملے تیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو بحیرہ احمر میں جنگ کی صورت حال پیدا کرنے کے نتائج کو درک کرنا ہوگا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی مسلح افواج کے پانچویں ڈویژن کے کمانڈروں نے اپنی ایک نشست میں علاقے کی ہنگامی صورت حال کا جائزہ لیا۔ ان کمانڈروں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو بحیرہ احمر کی جنگی صورت حال کے نتائج پر خبردار کیا اور اعلان کیا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں یمن کا موقف مکمل واضح ہے اور اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ یمن کے فوجی کمانڈروں نے اعلان کیا کہ یمن کی مسلح افواج، صیہونی دشمن کے حامی ملکوں کو بحیرہ احمر سے کسی بھی طرح کا کوئی فائدہ اٹھائے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی اور اس آبی علاقے میں فلسطینیوں کے دشمنوں کو یمنی افواج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت تیز ہونے کے بعد یمن کی مسلح افواج نے فلسطین اور فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی مقبوضہ فلسطین میں واقع ایلات بندرگاہ کے خلاف متعدد کارروائیاں انجام دیں اور تاکید کی کہ مقبوضہ فلسطین جانے والے کسی بحری جہاز کو بحیرہ احمر اور باب المندب کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل سامان لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔