Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • اسماعیل ہنیہ کا امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے علاقائی دورے پر ردعمل

فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے علاقائی دورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہےکہ امید ہےکہ امریکہ کو غزہ کے عوام کے قتل عام کی حمایت کرکے اپنی غلطیوں کا اندازہ ہوگیا ہوگا۔

سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ بلنکن نے گزشتہ تین مہینوں سے سبق سیکھا ہوگا اور صیہونی غاصب حکومت کی حمایت اور اس کے جھوٹ کی تصدیق کرنے میں اپنے ملک کی غلطیوں کا ادراک کر لیا ہوگا جس کی وجہ سے غزہ میں فلسطینی عوام کا بے مثال قتل عام ہوا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ اس بار بلنکن غزہ میں جنگ رکوانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ پوری فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضے کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ اسلامی اور عرب ممالک کے حکام جو بلنکن کے ساتھ ملاقات کرنے والے ہیں وہ واشنگٹن کو یہ پیغام پہنچائيں گے کہ خطے کا استحکام اور سلامتی، فلسطینی قوم کی امنگوں پر منحصر ہے اور اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ہنیہ نے مزید کہا کہ فلسطینی قوم اور اس کی جرات مندانہ مزاحمت، اس غاصب اور مجرم حکومت کو اس سرزمین پر ہرگز قائم نہیں رہنے دے گی۔

ٹیگس