Jan ۰۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۷ Asia/Tehran
  • یمن: امریکا کو بحیرہ احمر میں اپنی کرتوتوں کا خمیازہ بھگتنا ہو‏گا

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو یمن کی بحری افواج کو نشانہ بنانے کی قیمت چکانی پڑے گی-

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن کی بحری افواج کے شہداء کے خون نے امریکہ کے خلاف جنگ کا نیا محاذ کھول دیا ہے، کہا کہ اگر امریکہ نے یمنی فورسز کے قاتلوں کو یمن کے حوالے نہ کیا تو اسے اس جرم کا جواب ضرور ملے گا۔ المشاط نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صیہونی حکومت سے متعلق بحری جہاز ہرگز بحیرہ احمر کو عبور نہیں کرسکيں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن اسی وقت قائم ہوگا جب صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکی دہشت گرد غزہ میں اپنے جرائم روک دیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج، بحیرۂ احمر کی محافظ ہیں اور چار کروڑ یمنی مجاہدین ان افواج کے حامی ہیں کہ جو جنگ کی آمادگی رکھتے ہيں۔ المشاط نے کہا کہ امن کا مدعی امریکہ، آج بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرکے اقوام عالم کے سامنے رسوا ہوا ہے اور یہ مسئلہ اس ملک کے لئے باعث ننگ و عار سمجھا جاتا ہے۔

ٹیگس