حزب اللہ کے پن پوائنٹ میزائلوں سے اسرائیلی ایوان میں ہلچل
صیہونی حکومت کے ایک ممتاز تحقیقی مرکز نے بتایا ہے کہ حزب اللہ نے خود کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے اور دقیق ہتھیاروں سے لیس کرنے میں اہم پیشرفت حاصل کی ہے اور میرون بیس پر حزب اللہ کا حملہ ہمیں حملوں سے نمٹنے میں اسرائیلی فضائیہ کی کمزوری کی یاد دلاتا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی فوج ابھی تک پورے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کے سب سے اسٹریٹجک اور اہم فوجی جاسوسی اڈے کے طور پر میرون اڈے پر حزب اللہ کی کارروائیوں سے ہونے والے جانی نقصان کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
صیہونی حکومت کے ایک سرکردہ تحقیقی مرکز نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی طرف سے میرون جیسے اڈے کو نشانہ بنانا، حملوں کے مقابلے میں اسرائیلی فضائیہ کی پوزیشنوں کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔
اسرائیلی تحقیقی مرکز "آلما" نے اپنی ایک رپورٹ میں دقیق اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں سے نمٹنے میں اسرائیلی فضائیہ کی کمزوری پر تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حزب اللہ نے خود کو درست ہتھیاروں سے لیس کرنے میں اہم پیش رفت اور ترقی حاصل کی ہے۔
حزب اللہ کے لیے کئی ہزار درست ہتھیاروں کے نظام تک پہنچنا صرف وقت کی بات ہے اور اس دوران اگر اسرائیلی پوزیشنوں پر ہزاروں میزائل اور ڈرون فائر کیے جائیں تو فضائیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب 2 یا 3 میزائلوں سے حملے کی بات آتی ہے تو ان حملوں کو روکا جا سکتا ہے لیکن جب درجنوں میزائلوں سے حملہ کیا جاتا ہے اور اسرائیل کے تمام اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو مسئلہ بہت مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ فضائیہ کی تمام پوزیشنوں کو درست حملوں سے بچانا، خاص طور پر ایک ہی وقت میں، ممکن نہیں ہے۔