Jan ۲۶, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran
  • غزہ کی تازہ ترین صورتحال، شہدا کی تعداد 26 ہزار کے قریب

غزہ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے بدستور جاری ہیں اورغزہ میں شہدا کی تعداد چھبیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: غزہ پر صیہونی فوج کے ہوائی اور توپخانے کے حملے جمعہ کو بھی جاری رہے فلسطینی میڈیا کے مطابق صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے جمعہ کو رفح اور خان یونس پر شدید بمباری کی۔

فلسطین کی سما نیوز ایجنسی نے بھی رپورٹ دی ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صیہونی حکومت کی غزہ پر جارحیت میں دو سو فلسطینی شہید اور تین سو ستر زخمی ہوئے۔

اس درمیان غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جارحیت میں اب تک پچیس ہزار نو سو فلسطینی شہید اور چونسٹھ ہزار ایک سو دس زخمی ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں ایک اور بچہ بھوک مری کا شکار ہو کر دم توڑ گيا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ کا صیہونی محاصرہ جاری ہے اور اس علاقے کے عام شہریوں کے خلاف غیر انسانی جرائم کا بدستور ارتکاب کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ کے النصیرات کیمپ پر صیہونی حملے میں الحسائنہ میں الاقصی کا ایک اور نامہ نگار شہید ہو گیا۔ اس طرح اب تک ایک سو تیرہ صحافی اور نامہ نگار وحشیانہ صیہونی جارحیت کا شکار بن چکے ہیں۔

صیہونی فوج، فلسطینی شہریوں کے قتل عام سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے، حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور فلسطین کی تحریک استقامت کے مقابلے میں اپنی شکست کی پردہ پوشی نیز اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ کو خاموش رہنے پر مجبور کرنے کے لئے صحافیوں کو جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ آنروا نے بھی کہا ہے کہ جنگ و جارحیت سے پیدا ہونے والے مسائل کی بنا پر پناہ گزینوں تک مدد پہنچانا بہت مشکل ہو گیا ہے جبکہ غزہ کے نوے فیصد عوام صیہونی جارحیت کی بنا پر اپنا گھر بار چھوڑنے اور پناہ گاہوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ٹیگس