Feb ۰۸, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • حماس اور اسلامی جہاد کی جانب سے بغداد پر امریکی ڈرون حملے کی مذمت

فلسطین کی تحریک حماس اور جہاد اسلامی نے جمعرات کی صبح الگ الگ بیانات میں مشرقی بغداد کے علاقے میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کی ہے-

سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق حماس کے بیان میں آیاہے کہ ہم بدھ کی رات کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے وحشیانہ حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ جس میں عراقی مزاحمت کے رہنماؤں کی شہادت واقع ہوئی اور ایسے حملوں کو عراق کی سلامتی اور ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں کہ جو غاصب صیہونی حکومت کے مذموم عزائم اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے مقصد سے کئے گئے- تحریک حماس نے عراقی عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائيڈن کو علاقے میں کشیدگی میں شدت کا ذمہ دار قرار دیا- حماس نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین اور ہماری عرب سرزمینوں سے صیہونی غاصبوں کے خاتمے کے ساتھ ہی ہم علاقے میں امن واستحکام کا مشاہدہ کرسکیں گے-

دوسری جانب تحریک جہاد اسلامی نے بھی ایک بیان میں اس اقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت کا مقصد علاقے میں کشیدگي کو بڑھاوا دینا اور صیہونی حکومت کی مدد و حمایت کرنا ہے- یمن کی حکومت نے بھی امریکہ کے دہشت گردانہ حملے میں کتائب حزب اللہ کے ایک کمانڈر ابو باقر الساعدی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے-بدھ کی رات کو امریکہ کے ایک اعلی عہدیدار نے سی بی اس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک نے عراق کی کتائب حزب اللہ کےایک کمانڈر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے- اس حملے کے بعد عراقی عوام نے مشرقی بغداد میں جائے وقوعہ پر اور دیگر علاقوں میں امریکہ مخالف مظاہرہ کیا جس کے بعد گرین بغداد کے علاقے کا راستہ بند کردیا گیا-

ٹیگس