Feb ۱۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی جنگی طیاروں کی بمباری

غاصب صیہونی فوج نے جمعے کو بھی غزہ کے شمال و جنوب کے رہائشی علاقوں کو کئی بار جارحیت اور ہوائي حملوں کا نشانہ بنایا جن میں اب تک کئی فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: پریس ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجی جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع رفح میں ایک رہائشی مکان پر حملہ کیا جس میں دس فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہاب نیوز ايجنسی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج نے رفح کے شمال میں النصر علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔ اس حملے میں بھی سات فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ رفح کے شمال میں بھی واقع ایک علاقے پر صیہونی بمباری میں تین فلسطینی شہید اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
یہ صیہونی جارحیت ایسی حالت میں جاری ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں نے رفح کے خلاف زمینی جنگ پر صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔ دوسری جانب خان یونس کے ناصر اسپتال کو فلسطینی مجاہدین کے ذریعے فوجی مقصد کے لئے استعمال کئے جانے کے صیہونی دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین کی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اس قسم کا دعوی اس سے قبل بھی کیا گیا تھا جو جھوٹا ثابت ہوا تھا۔ حماس کے ایک رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ ناصر اسپتال کو تحریک استقامت کی جانب سے فوجی مقاصد کے لئے استعمال کئے جانے کے بارے میں صیہونی حکومت کے تمام دعوے بالکل جھوٹے ہیں اور صیہونی دشمن کے ایسے دعووں میں کوئی سچائی نہیں پائی جاتی۔ صیہونی حکومت نے ناصر اسپتال کو خالی کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے۔

ٹیگس