Feb ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • فلسطینی مجاہدین نے غزہ کو اسرائیلی فوجیوں کے قبرستان میں تبدیل کردیا ہے

فلسطینی مجاہدین نے غزہ کے جنوبی علاقے میں صیہونی فوجیوں پر کاری ضرب لگائی ہے جس کے دوران صیہونی فوج کے متعدد مرکاوا ٹینک تباہ اور کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی مزاحمت کے ایک کمانڈر نے شہر غزہ میں صیہونی فوج کے ساتھ جنگ میں مزاحمت کے مجاہدین کی برتری اور بالادستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ شہر کا الزیتون علاقہ اسرائیل کے مرکاوا ٹینکوں کے قبرستان میں تبدیل ہوگيا ہے۔

موصولہ خبروں کے مطابق مزاحمت کے ایک کمانڈر نے شہر غزہ کے جنوبی علاقے الزیتون میں بدھ کے روز المیادین کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ صیہونیوں کو تازہ لڑائیوں میں بہت زیادہ نقصانات اٹھانے پڑے ہیں اور صیہونی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے اپنے ہلاک ہونے والے فوجیوں اور زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے تین مرتبہ لینڈنگ کی ہے اور صیہونی حکومت کے جنگي طیاروں نے بھی متعدد محاذوں پر شدید حملے کئے ہيں اور فلسطینیوں کو ان علاقوں سے جبری نقل مکانی پر مجبور کرنے کی کارروائیاں انجام دی ہیں۔

مزاحمت کے اس کمانڈر نے مزید کہا کہ ہمارے سارے جوان اپنے مورچے سنبھالے ہوئے ہيں اور معینہ اہداف کے مطابق اپنے فرائض بخوبی نبھا رہے ہيں، چنانچہ ان مجاہدین نے زبردست کارروائیاں کرتے ہوئے الزیتون کے علاقے کو اسرائیلی فوجیوں کے لئے قبرستان میں تبدیل کردیا ہے اور صیہونی فوجی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہيں۔

صیہونی فوجیوں نے آج صبح شہر غزہ کے الزیتون علاقے اور جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں لڑائی میں دو اسرائیلی کمانڈروں کے ہلاک ہونے کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ سات فوجی ان لڑائیوں ميں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے القدس بریگيڈ کے جوانوں نے غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی آبادیوں پر میزائل حملے کی خبردی تھی۔

فلسطین کی شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق القدس بریگيڈ نے کہا ہےکہ ہمارے عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے جواب میں ہم نے عسقلان اور غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی بستیوں کو میزائل کا نشانہ بنایا ہے۔

صیہونی میڈیا نے بھی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اس میزائل حملے کے بعد شہر عسقلان میں خطرے کے سائرن بجنے لگے اور ایک گاڑی کو آگ لگ گئی جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ فلسطینی مجاہدین نے گذشتہ روز بھی صیہونی فوج کی کم از کم بیس گاڑیوں کو جنوبی غزہ میں تباہ کردیا تھا۔

غاصب صیہونی فوجی آج نویں روز بھی الزیتون کے مرکزی علاقے کی سمت پیشقدمی نہیں کرسکے۔

ٹیگس